کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیرداخلہ میرسرفراز بگٹی نے جمعہ کو اچانک صدر تھانہ کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھانے کا روزنامچہ چیک کیا اور تھانے میں بے گناہ افراد کو قید رکھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محرر کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی اچانک صدر تھانہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے تھانے کا روزنامچہ چیک کیا اور
19ہزار قرض کی عدم ادائیگی پر ایک شخص کو قید کرنے پر ایس ایچ او پر برہمی کا اظہار کیا اور رکشہ ڈرائیور کو بلاجواز تھانے میں قید رکھنے پر محرر کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا وزیراعلیٰ نے اپنی جیب سے رکشہ ڈرائیور کو ایک ہزار روپے بھی دیئے جبکہ وزیراعلیٰ نے قرضے کی عدم ادائیگی پر تھانے میں بند قیدی کے 19ہزارروپے کے قرض کی رقم بھی ادا کردی۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میرحمل کلمتی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔