اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روز مال روڈ احتجاج کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اپنی خطابات میں پارلیمنٹ کیلئے لعنت کا لفظ استعمال کرتے ہوئے انتہائی سخت لب و لہجہ اختیار کیا۔ جس پر سیاسی حلقوں خصوصاََ پارلیمنٹ میں موجود حکمران جماعت اور اپوزیشن جماعتوں
نے بھی اس کی مذمت کی۔ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید کے خلاف ایک مذمتی قرارداد بھی پیش کئی گئی اور اسےمنظور کر لیا گیا ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ پاکستان کے عوام کا نمائندہ ادارہ ہے جس کا تقدس ہر کسی پر لازم ہے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید دونوں اس ایوان کا حصہ ہیں جنہوں نے اس ادارے کے تقدس کو مجروح کرتے ہوئے اس کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کئے جس کی مذمت کی جاتی ہے۔ قومی اسمبلی کی قرارداد سے قبل چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے اوپر سیاسی حلقوں کی جانب سے ہونے والی تنقید کے جواب میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز پارلیمنٹ کیلئے استعمال کئے گئے الفاظ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کےلیے ’لعنت‘ لفظ تو بہت چھوٹا ہے اگر کسی کو میرے اس لفظ پر اعتراض ہے تو عوام سے پوچھ لے۔ میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ لوگ میرے ساتھ ہوں گے۔انہوں نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا دل تھام کر بیٹھیں آج دوپہر پریس کانفرنس میں تہلکہ خیز انکشافات کروں گا۔