اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ایک بار پھر چوہدری نثار علی خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدر نثار علی خان کے بیان سے منافقت کا اندازہ لگا لیں ٗ چوہدری نثار نے شیر کے نشان کے بغیر ایک الیکشن لڑا جو وہ بری طرح ہارے ۔ منگل کو جوڈیشل کمیشن کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے ایک بار پھر چوہدری نثار کو نشانے پر لیا اور کڑی تنقید کی۔پرویز رشید نے چوہدری نثار کو منافقت کا طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار کا بیان شروع ہی
یہاں سے ہوا تھا کہ وہ بیان دینا پسند نہیں کرتے ٗان کے بیان سے ان کی منافقت کا اندازہ لگالیں۔سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ چوہدری نثار نے شیر کے نشان کے بغیر ایک الیکشن لڑا جو وہ بری طرح ہارے۔پرویز رشید کے بیان پر چوہدری نثار کے ترجمان کی جانب سے جاری رد عمل میں کہا گیا کہ ڈان لیکس کمیٹی نے پرویز رشید کے مسلسل جھوٹ کی نشاندہی کی اور انہیں حقائق چھپانے کا ذمہ دار قرار دیا۔ترجمان چوہدری نثار نے کہا کہ پرویز رشید غلط بیانی اور خوشامد سے پارٹی کے سیاسی ارسطو بنے ہیں، وہ مسلسل غلط بیانی اور خوشامد کے عادی ہیں۔ترجمان کے مطابق پرویز رشید نے جھوٹ بولا کہ چوہدری نثار کے شیر کے نشان کے بغیر الیکشن نہیں جیتے، چوہدری نثار نے 1985، 1988، 1990،2013میں شیر کے نشان کے بغیر الیکشن جیتے لہٰذا غیر ضروری بیان بازی کے بجائے حقائق سامنے لائے جائیں۔اس سے قبل گزشتہ روز سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ چوہدری نثار اتنے ہی بااصول ہیں تو پارٹی کی جان چھوڑ دیں۔انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار نے مشکل وقت میں گمراہ کن بیان دیئے اور کسی کو خوش کرنے کیلئے انہیں برطرف کرایا۔