اسلام آباد (این این آئی)نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) آن لائن انتہاپسندی اور انٹرنیٹ و سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے آن لائن رپورٹنگ پورٹل تیار کر لیا۔surfsafer” کے نام سے بنائے گئے آن لائن رپورٹنگ پورٹل پر پاکستانی شہری انتہاپسندی پر مبنی مواد کے بارے میں آزادانہ اور محفوظ طور پر رپورٹ کر سکتے ہیں جبکہ اس طرح ان کی شناخت بھی ظاہر نہیں ہو گی۔ ویب پورٹل (https://surfsafe.pk)کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ انتہاپسندی کے انسداد کے لئے
سائبر دنیا میں بھی نظر رکھی جا سکے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمدی جائزہ کے مطابق “سرف سیفر” جہاں آن لائن انتہاپسندی کی روک تھام سے متعلق ہے وہیں اس کے ذریعے انتہاپسندی کے متاثرین کو مدد و رہنمائی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ کو سب کے لئے محفوظ بنانا بھی ہے۔ نیکٹا اور ایف آئی اے اس معاملے پر مل کر کام کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ موبائل ایپلیکشنز کی تیاری بھی حتمی مرحلے میں ہے جو جلد گوگل پلے سٹور اور ایپل سٹور پر پیش کی جائیں گی۔