اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کیخلاف انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت کے دور ان الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف کارروائی سے روک دیا ہے ۔پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کیخلاف انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت پر عمران خان کی طرف سے ان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔انہوں نے عدالت میں دلائل دئیے کہ سیاستدان آرٹیکل 260کے تحت پبلک آفس ہولڈر ہے سرکاری ملازم نہیں ہے
لہذاسیاسی رہنما پر انتخابی مہم چلانے پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی اور انتخابی مہم چلانا بنیادی حق ہے ٗ الیکشن کے بعد الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر موثر ہوجاتا ہے۔جہلم، ساہیوال، وہاڑی اور مانسہرہ کے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کررکھے ہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 12فروری تک ملتوی کردی ہے ۔