اسلام آباد (آئی این پی) حدیبیہ ریفرنس بحالی کے لئے نیب نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کردی‘ نیب نے اپیل میں کہا کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے‘ عدالتی فیصلے میں نقائص ہیں‘ فریقین کو نوٹسز جاری کئے جائیں‘ اپیل پر زائد المعیاد کی قدغن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ پیر کو حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس بحالی سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف نیب نے نظر ثانی درخواست دائر کردی۔
نیب نے سپریم کورٹ کے پندرہ دسمبر کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کی۔ اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے پیرا 6,23,27 اور 32پر نظر ثانی کی جائے نیب نے استدعا کی کہ فریقین کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ 20اپریل 2017 کو سپریم کورٹ کے دو ججز نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا۔ تین ججز نے معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ جے آئی ٹی نے دس جولائی کو
رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ بیس جولائی کو حدیبیہ کیس میں نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ ہوا۔ اکیس جولائی کو نظر ثانی درخواست دائر کرنے کی عدالت کو یقین دہانی کرائی۔ سپریم کورٹ نے تین روز سماعت کے بعد مختصر فیصلے سے اپیل خارج کردی۔ اپیل میں کہا گیا کہ عدالت کے تفصیلی فیصلے میں نقائص ہیں۔ سپریم کورٹ کے حدیبیہ اپیل کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ نیب کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے۔ اپیل پر زائد المعیاد کی قدغن کو کالعدم قرار دیا جائے۔