اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اے ٹی ایم میں اسکمنگ ڈیوائس نصب کرو اور پیسے اڑائو، چینی باشندوں نے پاکستان کو نشانے پر رکھ لیا، اے ٹی ایم فراڈ میں منظم چینی گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف، 7باشندے گرفتار، پاکستان
میں موجود شخص ریکروٹنگ کرتا ہے، اچھی ملازمت اور پیسوں کا لالچ دے کر پاکستان بلاتا ہے، گرفتار چینی باشندے کے انکشافات۔ تفصیلات کے مطابق اے ٹی ایم فراڈ کیس میں چینی باشندوں کے منظم گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ گروہ اے ٹی ایم میں اسکمنگ ڈیوائس نصب کر کے صارفین کا ڈیٹا چوری کر کے جعلی اے ٹی ایم کارڈ بنا کر مشینوں سے پیسے نکال لیتے تھے۔ کراچی میں اب تک 7چینی باشندے اسکمنگ ڈیوائس نصب کرتے پکڑے جا چکے ہیں۔ گزشتہ روزاے ٹی ایم میں اسکمنگ ڈیوائس نصب کرتے گرفتار ہونے والے چینی باشندے نے اپنے اعترافی بیان میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں موجود ایک شخص چینی باشندوں کو ملازمت اور پیسے کا لالچ دے کر ریکروٹ کررہا ہے ۔ اس نے بتایا کہ پاکستان میں بلا کر انہیں طریقہ کار سمجھا کر اس کام پر لگا دیا جاتا ہے۔ اے ٹی ایم فراڈ سامنے آنے پر پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے تھے اور انہوں نے اب تک کراچی سے 7چینی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جو اے ٹی ایم مشینوں میں اسکمنگ ڈیوائس لگا کر صارفین کا ڈیٹا چوری کر کے جعلی اے ٹی ایم کارڈ بناتے اور پھر مشینوں سے جا کر پیسے نکلوا لیتے تھے۔