جھنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب پاور پلانٹ پر کام کرنے والے 35 چینی باشندوں کی حالت زہریلا کھانا کھانے سے غیر ہوگئی جن میں سے 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جھنگ میں پنجاب پاور پلانٹ پر کام کرنے والے 35 چینی باشندوں کی کھانا کھانے کے بعد حالت غیر ہوگئی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوکی ٹیموں نے فوری طور پر تمام متاثرین کو سول ہسپتال جھنگ منتقل کردیا۔چینی باشندوں کے مطابق ہم چند روز قبل ہی پاکستان میں
آئے ہیں اور شبہ ہے کہ موسم اور ماحول کی تبدیلی کے باعث فوڈ پوائزن ہوگیا ٗ تاہم ایم ایس سول اسپتال حبیب بٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ طور پر کھانے میں کوئی زہریلی چیز گِر گئی جس کے باعث کھانا زہریلا ہوگیا، کھانا کھانے کے فوراً بعد ہی متاثرہ افراد کو قے آئی اور پیٹ کی بیماری کا شکار ہوگئے ٗ 31 افراد کو سول ہسپتال جھنگ میں ہی طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ 4 افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔