لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور شہر میں ڈاکوؤں نے ایک دکاندار سے اس کی قیمتی چیزیں لیں اور پھر واپس بھی کر دیں، اکثر گلیوں میں لوگوں سے اسلحے کے زور پر موبائل اور ان کی قیمتی چیزیں چھین لی جاتی ہیں اور وہ چیزیں انہیں واپس نہیں مل پاتیں لیکن حیران کن
طور پر لاہور میں ایک دکاندار کو چیزیں واپس کر دی گئیں، تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے لاہور شہر کے علاقے شاہدرہ کے ایک دکاندار عرفان مختار نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی دکان کے پاس ہی ایک دکاندار کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کی وجہ سے گولیاں مار کر مار دیا گیا لیکن اس واقعہ کے ایک ہفتے بعد دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں میں سے ایک نے دکان میں آ کر میری کنپٹی پر پستول رکھا اور رقم کا تقاضا کیا، جس پر میں نے تمام پیسے اس کے حوالے کر دیے، اس موقع پر ڈاکو نے مزید رقم کا تقاضا کیا تو میں نے انکار کیا جس پر وہ ڈاکو خود اندر آ گیا اور سیف میں رکھا ہوا میرا موبائل اور پر اٹھا لیا۔ اس دوران ڈاکو کی نظر میرے بٹوے میں موجود پولیس کارڈ پر پڑ گئی اور اس نے مجھ سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا تم پولیس میں ملازم ہو، میں نے جواب دیا کہ میں پولیس ملازم ہوں، نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے عرفان مختار نے کہا کہ میں نے آج سے آٹھ سال پہلے پولیس کی نوکری چھوڑ دی ہے لیکن میں نے ان ڈاکوؤں سے جھوٹ بولا، میرا ایسا بولنے پر انہوں نے پیسوں سمیت میرا سارا سامان مجھے دیااور خود وہاں سے چلے گئے۔