اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تھر میں سردی کی وجہ سے جنوری کے ابتدائی دس دنوں میں 18 بچے فوت ہو گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے صحرائی علاقے تھر میں سردی میں اضافے سے بچوں کی اموات میں اضافہ ہو گیا ہے، رپورٹ کے مطابق جنوری 2018 کے پہلے 10 دنوں میں مٹھی کے سول ہسپتال میں 18 بچوں کی موت واقع ہوئی، اس کے علاوہ تھر کے دوسرے سرکاری ہسپتالوں میں گزشتہ سال نومبر میں 47 بچے اور دسمبر میں 44
بچے فوت ہوئے۔ واضح رہے کہ تھر کے صحرائی علاقے میں مختلف بیماریوں اور غذا کی کمی کی بدولت بچوں کی اموات پہلے ہو رہی ہیں لیکن سندھ میں آئی ہوئی سردی کی لہر نے معصوم بچوں کی جان لینا شروع کر دی ہے۔ اس رپورٹ میں ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ غذا کی کمی کی وجہ سے بچوں میں قوت مدافعت بھی کمزور پڑ چکی ہے جس کی وجہ سے بچوں پر سردی اور دیگر بیماریاں حاوی ہو رہی ہیں، بچوں میں قوت مدافعت کی کمی کی وجہ سے بچوں کی اموات میں اضافہ ہو گیا ہے۔