اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی پر کہا ہے کہ ہماری کوشش یہی ہے کہ ہم کوئی مشترکہ اہداف تلاش کرلیں جو امریکہ اور پاکستان دونوں ملکوں کیلئے اہم ہوں اور جن پر مل کر کام کیا جاسکے۔ ایک انٹرویو میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کی حکمت عملی اور قومی مفادات میں تھوڑا فرق پایا جاتا ہے ٗ سفارتکاری کا مقصد یہی ہے کہ دو مختلف قومی مفادات میں
سے مشترکہ لائحہ عمل تلاش کیا جائے جس پر آگے بڑھ سکیں ٗچناچہ اس اقدام کی جتنی ضرورت ہمیں ہے اتنی ہی امریکا کو بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکا کو یہ باور کرایا ہے اور اب بھی کروا رہے ہیں کہ ہمارے اہم مسائل جن میں افغان مہاجرین کی واپسی کا مسئلہ اور افغانستان میں منشیات کی پیداوار کے ساتھ ساتھ پاکستان میں افغان سرزمین سے حملے ہمارے لیے بہت پریشان کن ہیں اور آگے چلنے کے لیے امریکا کو ہمارے ان مسائل پر توجہ دینی ہوگی۔