اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)زینب کے قتل پر جہاں پورا پاکستان غم میں ڈوبا ہوا ہے وہاں دنیا بھر میں سوشل میڈیا کے ذریعے اس واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے جب کہ دنیا کے بعض ممالک کے میڈیا نے اس کو رپورٹ بھی کیا
ہے۔ پاکستان سمیت جہاں جہاں زینب کے اندوہناک قتل کی خبر پہنچی وہاں لوگ غم و غصے کی کیفیت میں مبتلا ہیں اور قاتل کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسی صورتحال میں چند بے حس اور بے شرم لوگ بھی موجود ہیں جو اس اندوہناک واقعہ کو لے کر گھنائونے اور بیہودہ مذاق کرتے نظر آتے ہیں۔ فیس بک پر ایک ایسے ہی گروپ کا انکشاف ہوا ہے جو زینب قتل جیسے دل دہلا دینے والے کو بھی بیہودہ اور گھنائونے مذاق کا نشانہ بنا رہا ہے اور ایسی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں جن سے ہر پاکستانی کا خون کھول اٹھا ہے۔ ڈینک سٹوڈیو نامی اس فیس بک گروپ نے اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑاتے ہوئے انتہائی دل گرفتہ اور بیہودہ مذاق کا سلسلہ جاری رکھا جس کو یہاں رپورٹ کرتے ہوئے بھی شرم محسوس کی جا رہی ہے ۔ گروپ کی جانب سے اخلاقی اقدار اور پاکستانی قوم کے جذبات کا بیہودہ اور گھٹیا طریقے سے مذاق اڑانے پر اسے رپورٹ کیا جا رہا ہے ۔جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گروپ کے خلاف قانون کوحرکت میں لایا جائےکیونکہ کسی وقت یہ گروپ اس سے بڑھ کر بھی کوئی حرکت کر سکتاہے جس سے نقص امن اور فساد فی الارض کا خدشہ ہے۔