پتوکی (این این آئی)گزشتہ دنوں پتوکی کے نواح ڈھولن چک نمبر27میں نامعلوم افرادکے ہاتھوں زیادتی کے بعد قتل ہونیوالے چھٹی جماعت کے طالبعلم اشراق عرف بوبی عمر11سال کو پوسٹمارٹم کے بعد لایاگیا تو ہرطرف صف ماتم
بچھ گیا اورڈھولن قبرستان میں طالبعلم کو سینکڑوں افرادکی موجودگی میں سپردخاک کردیاگیا۔ اس موقع پرحکومت پنجاب کی جانب سے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے کیبنٹ ڈویژن ورکن قومی اسمبلی رانامحمدحیات خاں اور اے سی پتوکی انعم زیدنے متاثرہ خاندان کیلئے 30لاکھ روپے اورمقتول کے والد منور حسین کے علاج و معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔دوسری جانب تھانہ صدر پولیس پتوکی تاحال مرکزی قاتل کاسراغ نہ لگا سکی جس پر اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پولیس روایتی ہتھکنڈے استعمال کرکے زیادتی و قتل کا رُخ تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے اورمتاثرہ خاندان پر دبائو ڈال رہی ہے اگرجلد قاتل گرفتار نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار بڑھایاجائیگا۔ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال پتوکی کنور افضل بشیرکے مطابق ابتدائی طورپر میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کے شواہد ملے ہیں مگر حتمی رپورٹ ایک ہفتے بعد آئے گی۔ ایس ایچ او تھانہ صدر پتوکی طاہر خاں کے مطابق گائوں کے 2مشکوک افرادکو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے جلد پیشرفت ہوجائے گی انشاء اللہ ملزمان کوجلدپکڑلیاجائے گا اور اغواء کے مقدمہ میں قتل کی دفعات شامل کرلی گئی ہیں۔