اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ننھی زینب کے قتل کی تحقیقات کا باقاعدہ سنجیدہ انداز میں آغاز ہو چکا ہے اور پولیس ملزم کو تلاش کرنے کیلئے سرگرداں ہو چکی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتےہوئے مقتولہ زینب کے ساتھ روزانہ قرآن پاک کی تعلیم کیلئے جانے والے بچے نے انکشافات کئے ہیں۔ 7سالہ عثمان نے بتایا کہ میں اور زینب دونوں روزانہ سپارہ پڑھنے ساتھ جاتے تھے جس دن زینب اغوا ہوئی میں زینب کے ساتھ اس کے کمرے میں ہی موجود تھا۔ زینب مجھ سے پہلے ہی وضو کر کے سپارہ پڑھنے کیلئے گھر سے نکل گئی، زینب کو سپارہ پڑھنے
کیلئے جاتا دیکھ کر میں بھی پیچھے پیچھے اس کے گھر سے نکل گیا جب میں سپارہ پڑھانے والی خالہ کے گھر پہنچا تو وہاں زینب کو موجود نہ پایا ۔ سپارہ پڑھانے والی خالہ نے بھی مجھ سے زینب سے متعلق سوال کیا کہ آج زینب کیو ں نہیں آئی تو میں نے بتا یا کہ وہ تو مجھ سے پہلے ہی سپارہ پڑھنے کے لیے آگئی تھی۔ زینب کے چچا کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ہمیں پتہ چلا کہ زینب سپارہ پڑھنے نہیں پہنچی اور لاپتہ ہے تو ہم اس کو ڈھونڈنے میں سرگرداں ہو گئے مگر پولیس نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ ہم زینب کو تلاش نہیں کر سکے۔