لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف مدینہ منورہ میں کئی مصروفیات کے باوجود پاکستان اور پاکستانی عوام سے بالکل غافل نہیں رہے ایک طرف تو اُنہوں نے مسجد نبوی میں نماز و نوافل کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، پاکستان کے استحکام اور امن و سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔اور دوسری طرف مدینہ منورہ سے ویڈیو کانفرنس کے دوران گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے قائم کمیٹی کی سفارشات اور تجاویز
کا جائزہ بھی لیا ۔اِس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کی ذمہ داری ہر قیمت پر ادا کروں گا۔صوبہ بھر میں کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ میری تمام تر ہمدردیاں کاشتکارو ں کے ساتھ ہیں۔کسی کو گنے کے کسانوں کے مفادات سے نہیں کھیلنے دوں گا۔ گنے کے وزن میں کٹوتی کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم۔میری مل بھی گنے کے وزن میں کٹوتی کرے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔آئندہ گنے کے وزن میں کٹوتی کی شکایت ملی تو شوگر مل کے خلاف مقدمہ درج ہوگا اور گرفتاری ہوگی۔کاشتکاروں کو نقصان پہنچانے والے شوگر مل مالکان سے کوئی لحاظ نہیں کیا جائے گا۔ کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ شوگرمل مالکان سن لیں کہ کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بناؤں گا۔متعلقہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز صاحبان فیلڈ میں موجود رہیں۔کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ وزراء اور سیکرٹریز تسلسل کے ساتھ دورے جاری رکھیں اور مجھے باقاعدہ اپ ڈیٹ کیا جائے۔غیر قانونی کنڈوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رکھی جائے۔غیر ضروری کنڈے لگانے والوں کی گرفتاریاں کی جائیں۔شہبازشریف سمندرپار مقیم پاکستانیوں
کی بھی پسندیدہ شخصیت ہیں جسکا اندازہ اِس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ رات مسجد نبوی میں جب عوام نے اپنے ہر دل عزیز شخصیت لیڈر کو اپنے ہمراہ پایا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی ۔ وزیر اعلیٰ نے بھی اپنے ہم وطنوں کو اپنے درمیان پا کر انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا،خصوصاً وہاں پر موجود پاکستانیوں نے شہباز شریف سے اپنے دلی احساسات کا اظہار کیا اور انہیں وزیر اعظم کی کرسی کے لئے پارٹی کی جانب سے منتخب کئے جانے پر مبارکبادیں اور دعائیں بھی دیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لوگوں کے درمیان مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں نماز فجر اور نوافل بھی ادا کئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف جو عمرہ کی ادائیگی کے لئے غیر سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے ہیں ۔