اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے معاون خصوصی مصدق ملک نے وزیراعلیٰ پنجاب شہاز شریف کی جانب سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان معاہدے کی تجویز کو ملکی ترقی کیلئے وقت کی ضرورت قرار دے دیا۔ایک انٹرویومیں مصدق ملک نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس معاہدے کو آئین و قانون کے تحت جلد از جلد ہوجانا چاہیے جس سے تمام اداروں کے درمیان قوانین طے ہوجائیں گے کہ ملک کو کس طرح سے
آگے لے کر جانا ہے اور اس میں کسی بھی ادارے کی آزادی اور اختیارات میں مداخلت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت کے ذریعے اس ملک کو چلانا ہے تو پھر ان تمام چیزوں پر عمل کرنا ہوگا ٗجو جمہوری راستے میں حائل ہوتی ہیں لیکن اگر اسی طرح الزام تراشی کی سیاست ہی کرنی ہے تو پھر آج کچھ جماعتیں ایک جانب اور کچھ دوسری جانب ہوجائیں گی جس کا نقصان ملک و قوم کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح کے حالات ہم نے گذشتہ 4 سالوں میں دیکھے ہیں، ان سے لگتا ہے کہ ہر سیاسی جماعت اقتدار کی خاطر حکومت کو گرانے میں لگی ہوئی ہیں لہذا اگر کسی حکومت کو اپنی 5 سالہ مدت میں انہیں چیلنجز سے گزرنے کا سلسلہ جاری رہا تو ملک ترقی نہیں کر پائے گا۔مصدق ملک نے کہا کہ یہ معاہدہ صرف جمہوریت کی بالادستی اور اس کی بنیاد کو مضبوط کرنے کیلئے فوج سمیت تمام اداروں کے ساتھ مل کر ہونا چاہیے، لیکن اس میں کہیں پر بھی کسی ادارے کے اختیارات میں مداخلت نہ ہو کیونکہ جو کام حکومت کا ہے وہ اسے کرنا ہے، جو کام دوسرے اداروں کا ہے وہ انہیں کرنے دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا کام انصاف کرنا ہے اور اسی لیے اس وقت اس معاہدے کی ضرورت محسوس ہورہی ہے جب یہی عدلیہ ایگزیکٹو آرڈر پاس کررہی ہے جو کہ اس کا کام نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ دھرنوں کی سیاست ایک عرصے سے ملک کو نقصان کی جانب لے کر جارہی ہے اور عوام بھی اب ان سے تنگ آچکے ہیں لہذا تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اس معاہدے میں ساتھ بیٹھنا ہوگا کہ آئندہ حکومتوں کو کام کرنے کے لیے موقع فراہم کیا جائے۔