اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد نبویﷺ میں پاکستانی بزرگ نارنجی رنگ کا احرام پہن کر پہنچ گیا، مسجد نبویﷺ میں زائرین کی رہنمائی پر متعین عالم دین کے دریافت کرنے پر پیر کی سنت ادا کرنے کا اعتراف، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا
پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی سے عمرہ کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس کا سفر کرنے والا بزرگ پاکستانی نارنجی رنگ کا احرام پہن کر مسجد نبویﷺ میں پہنچ گیا جس پر وہاں زائرین کی رہنمائی کیلئے متعین ایک پاکستانی عالم دین نے انہیں اپنے پاس بلا کر نارنجی رنگ کا احرام پہننے کی بابت دریافت کیا تو پاکستانی بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے لانڈھی کا رہنے والا ہے اور بھارت میں مدفون حاجی وارث علی کا مرید ہے۔ ان کے مرشد نے ساری زندگی نارنجی رنگ کا ان سلا کپڑا پہنا ہے اور وہ اپنے مرشد کی سنت پر عمل کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کے بعد یہی لباس زیب تن کئے ہوئے ہے۔ جس پر زائرین کی رہنمائی کیلئے متعین پاکستانی عالم دین نے انہیں نبی پاک ﷺ کی سیرت طیبہ کا حوالہ دیتے ہوئے سمجھایا کہ مسلمان جو کلمہ پڑھتے ہیں ان کو نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے ان کی پیروی کرنی چاہئے، نبی کریم ﷺ نے حج اور عمرہ میں ان سلا سفید رنگ کا احرام استعمال کیا اور حج و عمرہ کے بعد سلا ہوا لباس پہنا۔ ہمیں کسی پیر کے بجائے اپنےنبی کریمﷺ کی سنت پر عمل کرنا چاہئے۔