لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے پریس کانفرنس کے دوران عوامی تحریک کی جانب سے ان سے استعفیٰ طلب کئے جانے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اب تو جس دن میرے استعفے کا مطالبہ نہ آئے تو میں خود پریشان ہو جاتا ہوں کہ آج مطالبہ نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں باتیں تو بہت کر سکتا ہوں لیکن شہباز شریف نے مجھے پیشگی کہا ہے کہ پریس کانفرنس میں علامہ صاحب کی ذات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کرنی ۔
اس کے باوجود رانا ثنا اللہ شریف برادران کی ماضی میں ڈاکٹر طاہر القادری سے عقیدت سے متعلق کچھ باتیں کر گئے۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خاں ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اعظم سلیمان خان ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان ، ایڈووکیٹ جنرل شکیل الرحمان ، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان ، سیکرٹری پبلک پراسکیوشن سید علی مرتضیٰ ، رانا مقبول احمد ، سیکرٹری قانون سید ابوالحسن نجمی سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری پبلک رپورٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو قانونی ماہرین کی طرف سے بریفنگ دی گئی ۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے رپورٹ پبلک کرنے کا حکم دیا ۔