اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ دھرنے کرانے والوں نے پاکستان کا مثبت تشخص مسخ کیا ٗ پاک چین اقتصادی راہداری اور دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کی سزا دی جا رہی ہے۔ اتوار کو یہاں مخدوم جاوید ہاشمی کی نئی کتاب کی
تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی نے ہمیشہ سچ بولا ہے اور اس کی قیمت بھی ادا کی ہے، سچ بولنا اور حق پر کھڑے رہنا مشکل کام ہے، بہت لوگ سچ بولتے ہیں لیکن اس کی قیمت ادا نہیں کرتے، جاوید ہاشمی صاحب اس لئے ممتاز ہیں کہ وہ سچ بولتے ہیں اور اس کی قیمت اسی وقت ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عجیب دور آ پہنچا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ شروع کرنے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی اور کراچی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاناما اور کرپشن کی بات کرتے ہیں وہ خود کرپٹ ہیں، پاناما پیپرز میں نواز شریف کا نام نہیں تھا، اس میں چار سو سے زائد لوگوں کے نام تھے، اب سارا معاملہ ٹھپ ہو گیا ہے، اب تو پیراڈائز لیکس بھی آ گئی ہے اور اس میں ملکہ برطانیہ کا نام بھی ہے، میں عمران خان سے کہتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کی نانی اور والدہ جمائما سے کہے کہ وہ یہ معاملہ برطانیہ میں اٹھائیں، جن لوگوں نے دھرنے دے کر پاکستان کا مثبت تشخص مسخ کیا، انہوں نے اس ملک کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔ طاقت اس جگہ استعمال کرنی چاہیے جہاں اس کی ضرورت ہو، سیاستدانوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔