لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) جنرل ہسپتال کی نرسز نے انسانیت کی تعظیم کی زندہ مثال قائم کر دی اور قصور سے بے ہوشی کی حالت میں لائے جانے والے نامعلوم مریض کو صحت یاب کر کے اس کے گھر بیدیاں روڈ واپس بھجوا دیا ، جس پر ڈائریکٹر جنرل نرسنگ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیور سائنسز ایمرجنسی ساؤتھ یونٹII کی نرسز کی حوصلہ افزائی کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین ہفتے قبل ڈی ایچ کیو قصور سے 60سالہ ایک نا معلوم
مریض کو تشویشناک حالت میں ایل جی ایچ شفٹ کیا گیا۔ مذکورہ مریض کی شعبہ نیوروسرجری ایمرجنسی کی نرسوں نے نہ صرف خصوصی دیکھ بھال کی بلکہ اس کی ضرورت کی تمام اشیاء بھی اپنی جیب سے خرید کر لاتی رہیں۔ دوران ڈیوٹی اور بعد ازاں نرسوں کی جانب سے کی گئی خدمات رنگ لائیں اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مذکورہ مریض صحت یاب ہو کر ہوش میں آ گیا اور اس کی پہچان اسلام کے نام سے ہوئی۔ شعبہ ایمرجنسی نیوروسرجری یونٹIIمیں اس وقت دلچسپ صورتحال سامنے آئی جب بیٹے اپنے والد کو صحت مند دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔ایمرجنسی نیورو سرجری ساؤتھ میں زیر علاج دیگر مریضوں نے بھی اسلام کے لواحقین بالخصوص اس کے بیٹے کو نرسوں کی خدمت گذاری کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دوران ڈیوٹی اور بعد ازاں بھی مریض اسلام کی بنیادی ضروریات کی تمام اشیاء نرسز اپنے پاس سے منگواتی رہیں اور ثابت کر دیا کہ نرسنگ کے شعبے سے وابستہ ملک و قوم کی بیٹیاں رنگ و نسل، امیر و غریب، اپنے و پرائے کی پرواہ کئے بغیر کام کرتی ہیں۔اوراس کا اجر انہیں بلا شبہ وہ پاک ذات ہی دے گی۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر پروین نے پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ساتھ اپنے فرائض کو خالصتا انسانیت کی تعظیم کے تحت ادا کرنے پر مذکورہ نرسز کی حوصلہ افزائی کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ان کی اس کاوش کو عملی طور پر سراہا جا سکے ۔