اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور یونیورسٹی کے فیسوں میں اضافے کے خلاف بپھرے طلبہ کے سامنے عائشہ گلالئی کو عمران خان پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا، عمران خان اورپرویز خٹک کی صوبائی حکومت کے خلاف نعرے
لگوانے کی خواہش دل میں ہی رہ گئی اپنے ہی خلاف نعرے لگوا کر واپس آنا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی منحرف خاتون رہنما عائشہ گلالئی کو اس وقت شدید خفت کا سامنا کرنا پڑا جب پشاور میں پشاور یونیورسٹی کے فیسوں میں اضافے کے خلاف بپھرے طلبہ کے سامنے انہوں نے عمران خان پر تنقید شروع کی تو طلبہ نے اسے مسترد کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کے خلاف ہی نعرے لگانا شروع کر دئیے۔ عائشہ گلالئی نے مشتعل طلبہ کے سامنے جیسے ہی عمران خان کے خلاف بات کی تو مظاہر ے میں شامل طلبہ نے بات سننے سے انکار کر دیا اور ان کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی ۔ عائشہ گلالئی نے طلبہ و طالبات کے اشتعال کو بھانپتے ہی فوراََ پینترا بدلتے ہوئے اس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر ڈال دی اور اس سے یونیورسٹی کے معاملات کو درست کرنے اور فیسوں کا بوجھ طلبہ پر کم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ شروع کر دیا۔