اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور شہر میں پولیس اور کئی سماجی کارکن ایک گاڑی کی تلاش میں سرگرداں ہیں جس کی وجہ اس کے مالک کی شرمناک اور انسانیت سوز حرکت ہے ۔ سوشل میڈیا پرتیزی سے گردش کرتی خبر
کے مطابق یہ کار لاہور کے ایک شاپنگ مال سے چند کلومیٹر دور دیکھی گئی تھی جس کے مالک نے اپنی کم عمر نوکرانی کو گاڑی کی ڈگی میں بٹھا رکھا تھا حالانکہ گاڑی کے اندر کافی جگہ موجود تھی اور نوکرانی کو وہاں بٹھایا جا سکتا تھا۔ ڈگی کا دروازہ کھلا تھا اور تمام راستے نوکرانی صاف نظر آ رہی تھی۔ جب گاڑی اس روڈ پر واقع چیک پوائنٹ پر پہنچی تو وہاں موجود گارڈ نوکرانی کو دیکھ کر ہنسنے لگا جس پر شرمندہ ہو کر اس بیچاری لڑکی نے ڈگی کا دروازہ بند کرکے خود کو اندر مقید کر لیا۔ایک راہگیر نے اس گاڑی اور اس کی ڈگی میں بیٹھی نوکرانی کی تصاویر انٹرنیٹ پر ڈال دی جن میں گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ تصاویر سامنے آتے ہی ایک اعلیٰ رحم دل پولیس آفیسر سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ اس نے اس بات کانوٹس لیتے ہوئے گاڑی کی فوری تلاش کا حکم دے دیا ہے جبکہ کئی سماجی کارکن بھی کم عمر نوکرانی کے ساتھ اس غیر انسانی سلوک پر گاڑی اور اس کے مالک کو تلاش کرنے کیلئے سرگرداں ہیں تاکہ اسے منظر عام پر لا کر سبق سکھایا جا سکے۔