اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) لگتا ہے نواز شریف ابھی بھی وزیر اعظم ہیں، وہ زاہد حامد کے استعفے کے خلاف تھے اس لئے ان کا استعفیٰ آنے میں دیر لگی، سینئر صحافی عارف نظامی کے انکشافات۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف نظامی کا کہنا تھاکہ وفاقی وزیر زاہد حامد کا استعفیٰ ساڑھے تین صفحات پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے اپنے استعفیٰ میں کافی تمہید باندھی ہے اور لکھا ہے کہ میں حالات خراب
نہ ہوں اس لئے استعفیٰ دے رہا ہوں ، ختم نبوتؐ حلف نامے میں تبدیلی کو غلط سمجھا گیا۔ سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ اس سارے معاملے میں سیکرٹ پلیئرز بھی موجود ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کے بارے میں لگتا ہے کہ وہ صرف فرسٹ منسٹر ہیں اور نواز شریف ابھی بھی وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نہیں چاہتے تھے کہ زاہد حامد استعفیٰ دیں وہ زاہد حامد کے استعفیٰ کے خلاف تھے اور اسی لئے زاہد حامد کا استعفیٰ آنے میں دیر لگی۔