اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق سعودی عرب پہنچنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف کا استقبال ریاض کے گورنر پرنس فیصل بن بندر السعود نے کیا۔ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی شامل ہیں، پاکستان کا وفد سعودی ولی عہد اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا
اور ان میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی وہاں موجود ہیں، جو اسلامی ممالک کے اتحاد پر مبنی فوج کی سربراہی کر رہے ہیں، سعودی عرب کے اعلیٰ حکام سے 41 ممالک کے اتحاد پر بھی گفتگو ہو گی، میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کے اعزاز میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ظہرانہ دیں گے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں یہ وفد ایک روزہ دورے کے بعد وطن واپس آ جائے گا۔