اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹس کی بحالی کا حکم دیدیا۔گزشتہ روز اسلام آباد میں مذہبی جماعت پر پولیس اور ایف سی کے آپریشن کے فوری بعد ملک بھر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر پابندی لگادی گئی تھی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 24 گھنٹے سے زائد کی پابندی کے بعد ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹس کی بحالی کا حکم دیدیا۔ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹس بحال کی جارہی ہیں جن میں فیس بک، ٹوئٹر،
انسٹاگرام ، یوٹیوب اور دیگر سائٹس شامل ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں پرائیویٹ ٹی وی چینلز کی نشریات بند کردی گئی تھیں۔ فیض آباد آپریشن میں اداروں کی نقل و حرکت کی فلم چلنے کے بعد وزیر اعظم کی ہدایات پر پیمرا نے نجی ٹی وی چینلز کی نشریا ت بند کر دی تھیں جبکہ دوسری جانب پیمرا کے حکم پر ٹوئیٹر، فیس بْک اور یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز بھی بند کردیے گئے ہیں لیکن اب ٹی وی چینلز کی نشریات بحال کر دی گئی ہیں اور سوشل میڈیا بھی بحال کیا جا رہا ہے۔