اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد جب سکیورٹی فورسز نے تحریک لبیک کا دھرنا ختم کرانے کے لیے آپریشن شروع کیا تو لاٹھی چارج اور آنسو گیس استعمال کی گئی اس موقع پر مظاہرین کی طرف سے بھی پتھراؤ کیا گیا اور مظاہرین کی طرف سے درختوں اور گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔ اس موقع پر چند مظاہرین ایسے بھی تھے جنہوں نے وہاں سے فرار ہونے کی کامیاب کوشش کی اور انہوں نے ایمبولینس
میں فرار ہونے کی کوشش کی مگر جب وہ ہسپتال پہنچے تو وہاں پہلے سے پولیس موجود تھی، وہاں موجود پولیس اہلکار مکمل تیاری کے ساتھ وہاں کھڑے تھے۔ جیسے ایمبولینس کا دروازہ کھولا گیا تو پولیس اہلکاروں نے ان مظاہرین پر ڈنڈے برسانا شروع کر دیے، پولیس اہلکاروں نے ان مظاہرین پر اتنا زیادہ تشدد کیا کہ وہاں موجود صحافی بھی بے اختیار بول اٹھے کہ اب بس کر دیں یہ مر جائیں گے، پولیس تشدد کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔