لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ ختم نبوت کے قانون سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو بر طرف کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے ۔انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے عوامی
تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت سوال یہ نہیں کہ حکومت نے ترامیم واپس لے لیں اور اصل قانون بحال کر دیا سوال یہ ہے کہ یہ جرات کس نے کی ،کس کے کہنے پر کی اور کیوں کی ؟ذمہ داروں کو اس لئے بچایا جا رہا ہے کہ اس سازش کا کھرا اشرافیہ کے گھروں کی طرف جاتا ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں خون بہانے والے حکمرانوں نے ختم نبوت کے عقیدے پر حملہ کر کے کروڑوں اسلامیان پاکستان کے مذہبی جذبات کا خون بہایا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکومت ایک دو وزراء کو بر طرف کرنے کی بجائے پورے ملک کو بد امنی کی آگ میں جھونک رہی ہے۔اول روز سے یہ مطالبہ ہے کہ ذمہ داروں کو سزا دی جائے یہ اسلامیان پاکستان کا اجتماعی مطالبہ ہے ۔دریں اثناء اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پولیس ان قاتل حکمرانوں کے کہنے پر گولی نہ چلا ئے ورنہ جس طرح پنجاب پولیس کے 124افسران اور اہلکار سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انسداد د ہشتگردی کی عدالت کی خاک چھان رہے ہیں ، حکمرانوں کے غیر قانونی احکامات ماننے والوں کا انجام اس سے مختلف نہیں ہو گا ۔