لاہور ( این این آئی) پنجاب بھر میں ہیر ڈریسرز ، بیوٹی پارلرز اور سیلونز کی رجسٹریشن اور لائنسنگ لازمی قرار دیدی گئی ،آٹو ڈس اینڈ سرنجز کا استعمال لازمی قرار اور سرنج کے دوبارہ استعمال پر پابندی ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ہیپا ٹائٹس بی ، سی اور خون سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں کے تدارک کے لئے پنجاب ہیپا ٹائٹس آرڈیننس 2017کا اجراء اور اطلاق کر دیا گیا ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق آرڈیننس کے تحت آٹو ڈس اینڈ سرنجز کا استعمال لازمی قرار اور سرنج کے دوبارہ
استعمال پر پابندی ہو گی ، پنجاب بھر میں ہیر ڈریسرز ، بیوٹی پارلرز اور سیلونز کی رجسٹریشن اور لائنسنگ لازمی قرار دیدی گئی ہے ، ہسپتالوں کے کچرے کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کو یقینی بنانا ، سرجری اور دانتوں کے آلات ، ناک اور کان چھدوانے کے اوزاروں کو جراثیم سے محفوظ بنانے (سڑیلائزیشن ) پر لازمی عمل درآمد ، بیماریوں سے محفوظ تصدیق شدہ خون کی منتقلی کو یقینی بنایا جانا شامل ہیں ۔ پنجاب بھر میں تحصیل کی سطح پر 100سے زائد ہیپا ٹائٹس کلینکس کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ۔