اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سی پیک کے اہم منصوبہ ہزارہ موٹروے کو اگلے ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، این ایچ اے نے موٹروے پر ٹول ٹیکس کی شرح جاری کر دی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری بیان کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اہم منصوبے برہان۔حویلیاں موٹروے (ہزارہ موٹروے) کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ اسے دسمبر2017ء میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے نوتعمیر شدہ ہزارہ موٹروے کیلئے ٹول ٹیکس کے نرخ جاری کئے ہیں جن کے مطابق ہزارہ انٹرچینج سے
شاہ مقصود انٹرچینج تک کار سے 60 روپے،12 سیٹر تک ویگن سے 90 روپے،13 سے 24 سیٹر کوسٹر/ منی بس سے 130 روپے، بسوں سے180 روپے،2 ایکسل ٹرک سے 240 روپے،3 ایکسل ٹرک سے240 روپے اور آرٹیکولیٹڈ ٹرک سے290 روپے وصول کئے جائیں گے۔ٹول ٹیکس کے ان نرخوں کا اطلاق موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھولنے کی تاریخ سے لیکر 30 جون 2018 تک رہے گا۔ اسلام آباد۔پشاورموٹروے (M-1) کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا میں موٹروے کی تکمیل کا یہ دوسرا منصوبہ ہے جس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔