لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد ملک کو لفظ ’’پاکستان ‘‘کی شناخت دینے والے چوہدری رحمت علی کی میت برطانیہ سے پاکستان لانے کی جدوجہد میں کامیابی کا قوی امکان ہے ،میت جلد پاکستان منتقل کردی جائے گی جبکہ چوہدری رحمت علی کا مزار بنانے کی تیاریاں بھی مکمل
کرلی گئی ہیں۔چوہدری رحمت علی کی میت پاکستان منتقل کرنے کے لیے کچھ عرصہ قبل پاکستانی نژاد برطانوی شہری محمد سرور نور نے برطانوی حکومت کو درخواست دی تھی اور اب انہیں امید ہے کہ بہت جلد ان کی خواہش پوری ہوجائے گی۔پاکستانی نژاد برطانوی شہری سرور نور نے امید ظاہر کی چوہدری رحمت علی کی میت کمالیہ منتقل ہوجائے گی جبکہ مزار کے لیے کمالیہ کی ضلعی انتظامیہ نے دوایکڑ زمین بھی فراہم کردی۔چوہدری رحمت علی کے مزار کے لیے کمالیہ میں بائی پاس کے قریب چاہ ببر والا میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زمین فراہم کی گئی۔مزار کیلئے مختص جگہ پر مسجد کی تعمیر بھی شروع ہوگئی ہے جبکہ اسی مقام پر چوہدری رحمت علی فری ڈسپنسری بھی قائم کی جائے گی۔تدفین کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جیسے ہی برطانوی حکومت کی جانب سے اجازت ملے گی میت کو پاکستان لا کر کمالیہ میں دفن کیا جائیگا۔خیال رہے کہ چوہدری رحمت علی کا تعلق پاکستان کے شہر کمالیہ سے تھا لیکن تین فروری 1951میں برطانیہ کے شہر کیمبرج میں انتقال ہونے کے بعد امانتاً ان کی تدفین وہیں کردی گئی تھی۔