اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا تحریک انصاف کے خلاف اتحاد، دونوں جماعتوں میں خفیہ معاہدہ طے پا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے تحریک انصاف کے خلاف ایکا کر لیا ہے اور اس سلسلے
میں دونوں جماعتوں میں خفیہ معاہدہ طے پانے کا انکشاف ہوا ہے۔خفیہ معاہدے کے تحت منصوبہ بندی سے عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف دونوں جماعتوں کے میڈیا سیلز کو متحرک کر دیا گیاہے جو پی ٹی آئی اور اس کے قائد کے خلاف پروپیگنڈہ مہم شروع کرینگے۔ اس مہم کے دوران عمران خان کی ذاتی زندگی اور ان کے سکینڈلز کو اچھالا جائے گا جبکہ تحریک انصاف سے منحرف اور اس کو چھوڑ کر جانے والے سیاستدانوں کو بھی مہم کا حصہ بناتے ہوئے مہرے کے طور پر استعمال کیا جائے گا جس میں جاوید ہاشمی، عائشہ گلالئی، اکبر ایس بابر اور انعام اللہ خان نیازی کے نام شامل ہیں۔ معاہدے کے تحت طے پائے گئے منصوبے کا سب سے خوفناک حصہ مذہبی کارڈ کو استعمال کرنا بتایا جا رہا ہے۔ مذہبی ووٹرز کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف کرنے کیلئے مذہبی حلقوں کی چند شخصیات کو بھی سامنے لایا جائے گا تاکہ عمران خان اور تحریک انصاف کی ساکھ متاثر کی جا سکے۔ آئندہ چند روز میں شروع کی جانیوالی اس مہم میں عمران خان کے ساتھ تحریک انصاف کے درجن سے زائد رہنمابھی ٹارگٹ کئے جائیں گے۔