اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ایکسائز حکام نے وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک کی گاڑی کی غیر نمونہ نمبر پلیٹس اتار لیں، دو سال سے گاڑی کے ٹوکن ادا ہی نہیں کئے گئے تھے، ڈرائیور کا شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات ضبط کر لی گئیں۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے گھوڑا چوک میں ایکسائز حکام گاڑی کی غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور ٹوکن ٹیکس نا دہندگان کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں ناکہ لگا کر بیٹھے تھے کہ اسی اثنا میں وہاں سے
وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک کی گاڑی بھی گزری جسے ایکسائز حکام نے روک لیا، معائنہ کرنے پر پتہ چلا کہ گاڑی کی نمبر پلیٹس غیر نمونہ ہیں اور گاڑی کے ٹوکن بھی دو سال سے جمع نہیں کرائے گئے جس پر ایکشن لیتے ہوئے ایکسائز حکام نے گاڑی کی غیر نمونہ نمبر پلیٹس ضبط کر لیں جبکہ ڈرائیور کا شناختی کارڈ اور دیگر دستاویز بھی قبضے میں لے لیں۔ ڈرائیور کی جانب سے ٹوکن ادائیگی کی یقین دہانی پر ایکسائز حکام نے اسے گاڑی لے جانے کی اجازت دیدی ۔