اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک)قندیل بلوچ قتل کیس میں مفتی عبدالقوی کی درخواست ضمانت منظور، 2لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم ۔ تفصیلات کے مطابق قندیل بلوچ قتل کیس میں عدالت نے مفتی عبدالقوی کی
درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 2لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت میں سماعت کے دوران مفتی عبدالقوی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقتولہ کا بھائی اسلم شاہین اس کیس میں نامزد ملزم ہے جس کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے جبکہ مفتی عبدالقوی پر صرف مقتولہ قندیل بلوچ کے بھائیوں کو اکسانے کا الزام ہے جبکہ سعودی عرب سے آنیوالی ایک نامعلوم کال کی وجہ سے میرے موکل کو ملزم ٹھہرایا جا رہا ہے۔ پولی گرافک ٹیسٹ کے حوالے سے مفتی عبدالقوی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور اس کی بنیاد پر میرے موکل کی درخواست ضمانت مسترد نہیں کی جا سکتی۔ سماعت کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر محمد خان نے پولیس کی جانب سےناکافی ثبوت جمع کروانے اور مفتی قوی کے موبائل فون ریکارڈنگ سے بھی ٹھوس شواہد نہ ملنے کی بنیاد پر ان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔