لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے مفاہمت چاہتی ہے، نواز شریف بڑے پیمانے پر انتخابی مہم میں حصہ لیں گے، پاناما کیس کے ججز میں سے کسی بھی جج کوحدیبیہ کیس میں بطورجج نہیں بیٹھنا چاہیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں دروازے بالکل کھلے تھے، کھلے دروازوں کیساتھ جاتی امرا ء میں میٹنگ ہوئی، نوازشریف نے اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں چوہدری نثار شامل نہیں
تھے، نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سب نے تجاویز دیں، نواز شریف نے جی ٹی روڈ پر جو بیانیہ دیا وہی پارٹی کا موقف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاناما کیس کے ججز میں سے کسی بھی جج کوحدیبیہ کیس میں بطورجج نہیں بیٹھنا چاہیے، جسٹس آصف سعید اگر کیس سنتے تو 70سال کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوتا۔ وزیر قانون پنجاب نے بتایا کہ خادم حسین رضوی کے 12 میں سے ساڑھے 11 مطالبات مان لیے، مذاکرات بھی جاری ہیں، مظاہرین زاہد حامد کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں، ختم نبوت کے معاملے پر کوئی دوسری رائے نہیں اور مظاہرین کی اس بات سے پوری قوم متفق ہے۔