لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) دینی جماعتوں کے مابین متحدہ مجلس عمل کی بحالی کیلئے اتفاق ہوگیا،ایم ایم اے کی بحالی کااعلان امیرجماعت اسلامی سراج الحق اورجمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا،اس موقع پران کے ہمراہ دیگردینی جماعتوں کے رہنمابھی موجودتھے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روزمتحدہ مجلس عمل کی بحالی کیلئے دینی جماعتوں کامشترکہ اجلاس
لاہورمیں جماعت اسلامی کے مرکز(منصورہ )میں ہوا۔اجلاس میں جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن ،امیرجماعت اسلامی سراج الحق سمیت متعدددینی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔اجلاس کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی پراتفاق ہوچکاہے،ایم ایم اے کامنشورپراناہی ہوگا،بحالی کاباقاعدہ اعلان دسمبرمیں کیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہورہاہے ،مسلمانوں کے مسائل کاواحدحل ان کاآپس میں اتحادہے ،ہمیں دوسروں کے بجائے اپنی دین سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نئے سفرپرروانہ ہورہیں اس میں کامیاب ہوں گے ،اس حوالے دے دیگردینی جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے ،یہ مستقبل کی طرف نئی صف بندی ہورہی ہے ۔اس موقع پرجماعت اسلامی کے امیرسراج الحق نے کہاہے کہ ہم نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی پراتفاق کیاہے،ہم بروقت انتخابات چاہتے ہیں ،قانون کی علمبرداری ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نظام کی تبدیلی کاواحدراستہ شفاف انتخابات ہیں ،آئین کے مطابق معاملات چلاناپاکستان کیلئے بہت ضروری ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مسائل کاواحدحل جمہوریت ہے ۔