اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نیوی کے بحری جہاز پی این ایس سیف نے اینٹی سب میرین وارفئیر ہیلی کاپٹر Z9EC کے ہمراہ 5تا 8نومبر کولمبو، سری لنکا کا خیر سگالی و تربیتی دورہ کیا۔ پی این ایس سیف پاکستان نیوی فلیٹ کا صفِ اول کا جنگی بحری جہاز ہے جس میں جدید ترین ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں۔ یہ جہاز ہمہ گیر خطرات کے ماحول میں ہر طرح کے بحر ی آپریشنز کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ کولمبو بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے
جہاز کا سری لنکن بحریہ کی جانب سے پر تپا ک خیر مقدم کیا گیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس سیف کے کمانڈنگ افسر کیپٹن شہزاد اقبال نے سری لنکن بحریہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں سری لنکن نیوی کے کمانڈر وائس ایڈمرل ایس ایس راناسنگھے، کمانڈر ویسٹرن نیول ایریا کمانڈ رئیر ایڈمرل نراجہ اتے گالے ، ڈائیریکٹر جنرل آپریشنز رئیر ایڈمرل کے کے وی پی ایچ ڈی سلوا اوردیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔ بندرگاہ پرتین روزہ قیام کے دوران پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں نے سری لنکن نیوی کے مختلف یونٹس ، تنصیبات اور تربیتی سہولیات کا دورہ کیا ۔ دورے کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہاز نے سری لنکن بحری جہاز ایس ایل این ایس سیورا کے ساتھ کولمبو کے ساحل کے نزدیک دو طرفہ بحری مشقوں میں بھی حصہ لیا۔ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو گذشتہ چند برسوں میں مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ سری لنکا میں رواں سال مئی کے مہینے میں تباہ کن سیلاب اور شدید بارشوں کے سبب پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے دوران امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے حکومتِ پاکستان نے پا ک بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار فی الفور روانہ کیا۔ امداد کی اس بروقت فراہمی کو حکومتِ سری لنکا اور مقامی میڈیا کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ حالیہ دورے سے پاکستان اور سری لنکن نیوی کے افسروں اور جوانوں کو اپنے ہم منصبوں کے ساتھ پیشہ ورانہ ملاقاتوں کے ذریعے سیکھنے اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت اور باہمی ربط کو مزید بہتر بنانے کا بہترین موقع میسر آیا۔