اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے استعفیٰ دے دیا، تفصیلات کے مطابق فرحت اللہ بابر نے پارٹی قیادت سے ناراضی کی وجہ سے پارلیمانی کمیٹی برائے نیب قانون سے استعفیٰ دے دیا ہے، سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ججز اور جرنیلوں کو احتساب کے دائرے میں لانے کی تجویز دی تھی ان کی تجویز کو پارٹی قیادت نے ماننے سے انکار کر دیا تھا، فرحت اللہ بابر کے مطابق سیاستدانوں کی طرح
ججز اور جرنیلوں کو بھی احتساب کے دائرے میں لانا چاہیے اس لیے انہوں نے نیب قانون میں ترمیم کی تجویز دی تھی لیکن ان کی جماعت کی قیادت نے ان کی اس تجویز کو ماننے سے انکار کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پارٹی قیادت نے میری تجویز نہیں مانی اس لیے کمیٹی سے مستعفی ہو رہا ہوں، سینیٹر فرحت اللہ بابر کے استعفے کی کاپی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان کو فراہم کر دی گئی ہے۔