اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے پیک منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر نے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مل کر کام کریں گے اور یہ اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم نے کہا کہ سعودی حکومت پاکستان میں سی پیک منصوبے میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم
نے بریفنگ میں سعودی سفیر کو آگاہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں کن سیکٹرز میں انویسٹمنٹ کر سکتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ کے تعلقات بہت دوستانہ اور گہرے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کر کہ پاکستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادکہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ مل کر ترقیاتی کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم گوادر پورٹ اور سی پیک جیسے منصوبوں میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری مواصلات صدیق میمن نے سعودی سفیر کو پاکستان میں جاری مواصلات کے منصوبو ں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں ہمارے پاس کام کے بہت سے مواقع ہیں۔ جیسے ریلویز، موٹرویز، ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ اور روڈ انفراسٹرکچر میں بھی انویسٹ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ میں بھی کام کے بہت سے مواقع ہیں۔ اس حوالے سے ہم ایک الگ میٹنگ رکھنا چاہتے ہیں تاکہ کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے۔ ملاقات کے بعد سعودی سفیر کو پاکستان میں جاری سے پیک منصوبوں اور مواصلات کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عریبیہ کے درمیان تعلقات بہت گہرے ہیں،
ہم چاہتے ہیں کہ سعودیہ سی پیک منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے اور اس حوالے سے ہم انوسٹمنٹ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مل کر کام کریں گے اور یہ اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ پاکستان میں اتنا زیادہ کام ہو رہا ہے مجھے افسوس ہے کہ یہاں کا میڈیا ہمیشہ منفی پہلو کیوں دکھاتا ہے۔ پاکستان میں جتنے ڈویلپمنٹ کے کام ہو رہے ہیں اس کو اجاگر کیا جانا چاہئے ۔ سعودی سفیر نے پاکستان میں موٹر ویز کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روڈ نیٹ ورک کا سٹینڈرڈ بالکل سعودی عرب جیسا ہے۔