اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت پر رہائی کا تفصیلی فیصلہ طلب کرلیا۔ پیر اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت پر رہائی
کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت نیب کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ احتساب عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کیا گیا ٗ ملزم کوعدالت میں پیش کرکے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جو مسترد کردی۔نیب کے وکیل نے کہا کہ احتساب عدالت نے ملزم کوضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کردیا جبکہ ضمانت پر رہائی دینا احتساب عدالت کے دائرہ اختیارمیں نہیں بلکہ یہ ہائیکورٹ کا اختیار تھا۔اس دوران عدالت نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا ٗکیا آپ کے پاس احتساب عدالت کا تفصیلی فیصلہ ہے تو انہوں نے بتایا کہ ابھی ضمانت پر رہائی کا تفصیلی فیصلہ موجود نہیں جس پر عداالت نے نیب کو تفصیلی فیصلہ پیش کرنے کی ہدایت کی اور سماعت ملتوی کردی۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں پیش نہ ہونے پر کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس پر نیب اہلکاروں نے انہیں وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرلیا تھا تاہم احتساب عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا تھا۔