ملتان(آئی این پی ) قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار مفتی قوی نے ضمانت کے لئے درخواست جمع کرادی ، عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست گزار کو حاضر ہونے کا حکم جاری کردیا ۔تفصیلات کے مطابق ماڈل گرل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ملتان کی مقامی عدالت میں ہوئی جہاں ملزم مفتی عبدالقوی کو پیش کیا گیا۔ مفتی عبدالقوی کی جانب سے چار وکلا عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے اپنے موکل کی ضمانت کی درخواست دائر
کی۔ عدالت نے مختصر سماعت کے بعد مفتی عبدالقوی کی درخواست ضمانت پر مزید سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔واضح رہے کہ اٹھارہ اکتوبر کو ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر عدالت سے فرار ہونے والے ملزم مفتی قوی کو گرفتار کرلیا گیا تھا، یاد رہے گزشتہ برس جولائی میں معروف ماڈل قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا جبکہ اس مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی مبینہ طور پر شامل تھا۔ یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔