اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد آباد ہائی کورٹ نے وفاق میں ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی اور تنخواہوں کے اجراء سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ملازمین کی تنخواہیں فوری جاری کر نے کاحکم دیا ہے ۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے
جسٹس اطہر من اللہ نے ڈیلی ویجز ملازمین کیس کا فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت کی جانب سے جاری کردہ 50صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس اطہر من اللہ نے تحریر کیا ہے ۔تحریری فیصلے کے مطابق عدالت نے اشتہار جاری کئے بغیر بھرتی کئے جانے والے ملازمین کو غیر قانونی قرار دیدیا ہے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ایسے اساتذہ جو لمبے عرصے سے نوکری کر رہے ہیں اور بغیر اشتہار بھرتی ہوئے وفاق ان کا معاملہ دیکھے وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے ملازمین کا خیال رکھے وفاق کو ایسے ملازمین کے حوالے سے بروقت اقدامات اٹھانے چاہئیں تھے۔تحریری فیصلے کے مطابق ملازمین کو مختص بجٹ میں سے تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے طلبہ پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ1سے 15 سکیل تک کے ملازمین کی مستقلی کا معاملہ متعلقہ محکمے نئی پالیسی کے مطابق دیکھیں۔فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ اہل افراد کی مستقلی کیلئے معاملہ محکمے کی سلیکشن کمیٹی کو بھجوایا جائے 16ویں اور اس کے اوپر کے سکیل کے ملازمین مستقلی کیلئے براہ راست کمیشن میں درخواست دیں۔