لاہور ( این این آئی) قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے پنجاب سپورٹس بورڈ کے افسران کے خلاف ازسر نو انکوائری کا فیصلہ کر لیا ،پرانا انویسٹی گیشن افسر تبدیل، نئے پہلوئوں پر تحقیقات
کے لئے نیا افسر مقرر کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے پنجاب یوتھ فیسٹول کی انکوائری کا آغاز 2015ء میں کیا گیا تھا، اس دوران پنجاب سپورٹس بورڈ سے متعلقہ ریکارڈ کے علاوہ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد اور سابق ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور سمیت دیگر افسران کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے تھے۔ نیب کی جانب سے مذکورہ انکوائری تاحال التوا کا شکار تھی تاہم نیب لاہور نے اب پنجاب سپورٹس بورڈ کے افسران کے خلاف ازسر نو تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سپورٹس بورڈ کے افسران کے اثاثہ جات کی تحقیقات کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق سپورٹس فیسٹول کے دوران خدمات سرانجام دینے والے سابق اور موجودہ افسران کے اثاثہ جات بھی چیک کئے جائیں گے، پنجاب یوتھ فیسٹول سمیت دیگر سپورٹس ایونٹس میں کس افسر کا کیا کردار رہا، اس کے متعلق بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے یوتھ فیسٹول کی پہلی انکوائری کرنے والے
انویسٹی گیشن افسر کو بھی تبدیل کردیا ہے۔نئے پہلوئوں پر تحقیقات کے لئے نیا آئی او مقرر کردیا گیا،نیب لاہور کی جانب سے پنجاب سپورٹس بورڈ کے افسران کو جلد طلبی کے نوٹسز بھجوائے جائیں گے۔