لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ،بالخصوص سنٹرل پنجاب میں تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات کو شامل کیا ہے اور اب ضلع گجرانوالہ کی این اے100سے اہم وکٹ گراتے ہوئے پیپلز پارٹی کے امیدوار قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر علی حسین نے چئیرمین سیکرٹریٹ لاہور میں عبدالعلیم خان سے ملاقات کر کے اپنے ساتھیوں سمیت عمران خان کی
قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں غیر مشروط شمولیت کا اعلان کر دیا ہے وہ گجرانوالہ سے سابق ایم این اے تصدق مسعود کے بھائی ہیں اس ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سنٹرل پنجاب میں پی ٹی آئی کی سرگرمیوں کا بھرپور حصہ بننے اور عبدالعلیم خان کی قیادت میں پارٹی کی مضبوطی کیلئے فعال طور پر کام کرنے کا وعدہ کیا ہے عبدالعلیم خان نے ڈاکٹر عامر علی حسین کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ آنے والے دنوں میں سنٹرل پنجاب سے مزید اہم شخصیات پی ٹی آئی کا حصہ بنیں گی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ترقی کے جھوٹے دعوے کرنے والوں نے عوام کا جینا محال کردیا ہے،کرپشن کی کمائی کیلئے اختیارات کا بے دریغ استعمال کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں محروم طبقوں کی بے پناہ نفرت کا سامنا کرنا ہو گاانہوں نے کہا کہ نواز لیگ کی سیاست ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے،قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں نے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ناکام منصوبوں کی تشہیر پر اربوں روپے خرچ کرنے والوں کی اصلیت ہسپتالوں میں علاج کیلئے تڑپتے مریضوں، سکولوں اور کالجوں کی حالت اور داخلے کیلئے ترستے ہزاروں بچوں کو دیکھ کر سامنے آجاتی ہے،
پنجاب میں ہی کرپشن کیلئے 56کمپنیاں بناکر قوم کے 80ارب روپے ہڑپ کرجانے والوں کو ترقی کے دعوے کرنے کے بجائے شرم کرنی چاہیے۔ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کرپشن کیسز میں لتھڑی نواز لیگ کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے،عدلیہ اور فوج پر الزام تراشی کیساتھ غنڈہ گردی کرکے اپنی خفت مٹانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نے مسلسل جدوجہد سے عوام کو اتنا شعور دیدیا ہے کہ وہ چوروں اور ملک کا حقیقی درد رکھنے والوں کے چہرے پہچان چکے ہیں۔