اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسفندیار ولی نے فاٹا کے خیبر پختونخوا انضمام کے بعد شمالی اور جنوبی پختون علاقوں پر مشتمل ایک نیا صوبہ بنانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے پشین میں
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صدر اسفندیار ولی نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فاٹا کے خیبر پختونخوا انضمام کے بعد شمالی اور جنوبی پختون علاقوں پر مشتمل ایک نیا صوبہ بنائیں گے جو کہ پنجاب سے بھی زیادہ طاقتور ہوگا۔ انہوں نے واضح انداز میں فاٹاکے خیبرپختونخواہ میں انضمام کا اعلان کیا۔ اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ اتنا تو عالمی جنگوں میں بھی خون نہیں بہا ہوگا جتنا پختون عوام کا بہایا گیا ہے، پختون قوم ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے۔ عالمی طاقتیں پختونوں کا مزید خون بہانے کی درپےہیں۔ نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں مغربی راستوں پر کام کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہوگی جبکہ ژوب قلعہ سیف اللہ اور کچلک میں صنعتیں لگائی جائیں گی لیکن انہوں نے اب تک اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن دونوں ممالک کے لیے بے حد ضروری ہے جبکہ چین کو سہولت کار کے بجائے پاکستان اور افغانستان کے بیچ پیدا ہونے والی بے اعتمادی کو ختم کرنے کے لیے ضامن کا کردار ادا کرنا چاہیے۔