لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اگلے دس ماہ میں 3لاکھ 50ہزار خاندانوں میں 8ارب روپے مالیت کے بلاسود قرضہ جات فراہم کرے گی ، وزیراعلیٰ خودروزگار سکیم کے تحت صوبہ پنجاب کے 36اضلاع کے 20لاکھ خاندانوں کو مجموعی طور پر 43ارب50کروڑ روپے مالیت کے بلاسود قرضہ جات فراہم کئے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ 43ارب روپے مالیت کے بلاسود قرضے میرٹ کی بنیاد پر مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ یہ سکیم وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف
کی دوردراز علاقوں میں مقیم خاندانوں کو مالی اعانت فراہم کر کے انہیں معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی جانب ٹھوس پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ڈویلپمنٹ ویژن ان کی مدبرانہ اور دوراندیشانہ عوام دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہے۔خودروزگار سکیم 2مرحلوں پر مشتمل ہے اور اس کے پہلے مرحلہ میں 16لاکھ50ہزار سے زائد خاندانوں کو 35ارب 50کروڑ روپے مالیت کے قرضہ جات تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ اگلے مرحلہ میں3لاکھ50ہزار خاندانوں میں 8ارب روپے مالیت کے بلاسود قرضہ جات اگلے دس ماہ میں تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔