لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز ( پی آئی اے ) کی جانب سے لاہور اور امریکہ کے درمیان چلنے والی پروازیں ہفتہ سے بند ہو جائیں گی ، ہفتہ 28اکتوبر کی صبح سوا چھ بجے پی آئی اے کی لاہور سے آخری پرواز پی کے 711نیویارک روانہ ہو گی ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ لاہور اور نیویارک کے درمیان فضائی آپریشن 1961ء میں شروع کیا گیا،
دونوں ممالک کے درمیان یہ روٹ 56 سال تک بلا تعطل جاری رہا تاہم اب لاہور اور نیویارک کے درمیان چلایا جانے والا فضائی روٹ مسلسل خسارے کے باعث ہفتہ سے ختم کر دیا جائے گا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے روٹ کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق اب ہفتہ 28اکتوبر کی صبح سوا چھ بجے پی آئی اے کی لاہور سے آخری پرواز پی کے 711 نیویارک روانہ ہو گی جو اپنا پہلا اسٹاپ مانچسٹر ایئرپورٹ پر کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر لینڈنگ چارجز زیادہ ہونے کے باعث روٹ خسارے میں ہے، امریکی حکام نے روٹ ختم کرنے کے لیے پی آئی اے پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا، وزیر اعظم کے مشیر ہوابازی مہتاب عباسی نے خسارہ کم کرنے کے لیے فیصلہ کیا، اگر روٹ ختم ہو گیا تو آئندہ امریکہ پروازوں کا روٹ ملنا مشکل ہو گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں امریکی طریقہ کار کے مطابق سکیورٹی چیکنگ کرنے کے باوجود لاہور سے امریکہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع نہیں ہو سکیں جس کی وجہ سے لاہور امریکہ روٹ گزشتہ دس سال سے مسلسل سالانہ سوا ارب روپے کے خسارہ میں جا رہا ہے۔دوسری جانب آنے جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد نے پہلے ہی غیر ملکی پروازوں کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔