اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتارمفتی عبدالقوی پولی گرافک ٹیسٹ میں پکڑے گئے، بنیادی سوالات کے جوابات کو پولی گرافک ٹیسٹ نے جھوٹ قرار دے دیا۔نجی ٹی وی چینل ’’سما‘‘ کی رپورٹ کے مطابق قندیل بلوچ قتل میں بطور شریک ملزم نامزد مفتی عبدالقوی کے قتل میں کسی طور ملوث ہونے کے یکسر انکار کو مشین نے جھوٹ قرار دیدیا، فرانزک ایجنسی ذرائع کے مطابق مفتی عبدالقوی کے بیانات میں تضاد پایا گیا۔پولیس تفتیش کے دوران مفتی عبدالقوی نے کچھ اور بیان دیا جبکہ پولی گرافک ٹیسٹ میں کچھ اور
ہی روداد سنائی، ملتان پولیس کے مطابق مفتی قوی کے موبائل فون میں غیراخلاقی ویڈیوز بھی ملیں ۔حکام کا کہنا ہے کہ پولی گرافک ٹیسٹ کی باضابطہ رپورٹ جلد جاری کردی جائے گی ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مفتی عبدالقوی کو پولی گرافٹ ٹیسٹ کیلئے لاہور کے داخلی علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پر واقع لیبارٹری لایا گیا تھا جہاں ان کا 6گھنٹے تک پولی گرافک ٹیسٹ جاری رہا جس کے بعد پولیس اہلکار انہیں ملتان واپس لے گئے تھے۔اس سے قبل مفتی عبدالقوی کو عدالت سے ضمانت خارج ہونے پر فرار ہوتے ملتان ہائی وے سے گرفتار کیا گیا تھا۔