ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک) قندیل بلوچ قتل کیس کے ملزم مفتی عبدالقوی نے بیماری کا عذر پیش کرکے ایمولینس سے اترنے سے انکار کردیا جس پر جج نے ایمبولینس میں آکر ہی سماعت کی اور ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق قندیل بلوچ قتل کیس کی
سماعت آج پھر ہوئی جس میں پولیس نے مفتی عبدالقوی کے بیمار ہونے کی میڈیکل رپورٹ پیش کی تاہم عدالت نے میڈیکل رپورٹ مسترد کردی اور ملزم کو فوری طور پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔تفتیشی افسر نے مفتی عبدالقوی کو پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی جس پرعدالت نے انہیں محض ایک گھنٹے کا وقت دیا۔نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عدالت کی جانب سے ایک گھنٹے کی مہلت دیے جانے کے بعد انہیں اسپتال سے فوری طور پر عدالت لایا گیا تاہم مفتی قوی نے بیماری اور نقاہت کے سبب ایمبولینس سے اترنے سے ہی انکار کردیا۔ان کے انکار پر بھی جج نے سماعت معطل نہیں کی اور کمرہ عدالت سے چل کر ایمبولینس پہنچے اور اس میں بیٹھ کر مفتی عبدالقوی سے بیان لیا۔جج نے بیان قلم بند کرانے کے بعد مفتی عبدالقوی کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا بعدازاں پولیس نے انہیں دوبارہ کارڈیالوجی اسپتال منتقل کردیا۔اسپتال ایم ایس کے مطابق انہیں شام تک اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد پولیس انہیں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر اپنے ساتھ لے جائے گی۔