اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سی پیک کا سہرا ذوالفقار علی بھٹو کے سر ہے، اگر پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو اسد عمر بڑا کردار ادا کرینگے، ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ محمد زبیر نے کیا ہے، وہ کراچی میں ایک نجی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ سی پیک کا سہرا ذوالفقار علی بھٹو کے سر ہے ۔ پاکستان کے عوام عام انتخابات 2018میں صوبوں میں
حکومتوں کی کارکردگی پر قیادت کو منتخب کریں۔ عام انتخابات 2018کے بعد سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت آگئی تو اس میں اسد عمر کابڑا کردار ہو گا، واضح رہے کہ گورنر سندھ محمد زبیرپی ٹی آئی رہنما اسد عمر کے بڑے بھائی ہیں۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا نظام اہلیت اور پیشہ وارانہ صلاحیت پر مبنی ہے جو کہ ملک کا ایک بڑا اور کامیاب ادارہ ہے۔ انہوں نے ملک میں نظام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری نظام کی بات کی ہے۔خیال رہے کہ گورنر سندھ چند دن قبل مریم نواز سے ملاقات کیلئے اسلام آباد پہنچے تھے جہاں سابق وزیراعظم کی صاحبزادی اپنے سمدھی کے گھر میں مقیم ہیں۔ ملاقات کیلئے کافی دیر انتظار کرنے کے بعد باوجود محمد زبیر کو ملاقات کیلئے گھر کے اندر نہیں جانے دیا گیا تھا اور وہ گیٹ پر کافی دیر انتظار کرتے رہے تھے، محمد زبیر گارڈزسے اپنا تعارف بھی کرواتے رہے کہ میں گورنر سندھ محمد زبیر ہوں مگر پھر بھی گارڈز نے انہیں اندر نہیں جانے دیا۔ بعدازاں وہ واپس چلے گئے جس کے کچھ دیر بعد انہیں ملاقات کا وقت دے دیا گیا اور وہ ملاقات کیلئے دوبارہ آئے، اس موقع پر گارڈز نے انہیں سلیوٹ کرتے ہوئے اندر جانے دیا۔ان کےحالیہ بیان کو سیاسی تجزیہ نگار ایک بڑی پیشرفت کے طورپر دیکھ رہے ہیں جبکہ ان تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ محمد زبیر کے اس بیان کے اندر ن لیگ کی قیادت کیلئے کئی اشارے بھی پنہاں ہیں۔