اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ محمد زبیر سابق وزیر اعظم نوازشریف کی بیٹی مریم نواز سے ملاقات کیلئے پہنچے تاہم گیٹ نہ کھولا گیا اور وہ ناراض ہو کر واپس چلے گئے ٗمریم نوازشریف کی جانب سے معاملہ کا نوٹس لینے پر ٹیلی فون کر کے دوبارہ بلوایا گیا
جس کے بعد ملاقات ہو سکی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیشی کے بعد ایف سکس میں واقع چودھری منیر کی رہائش گاہ پہنچیں ۔وفاقی وزرا دانیال عزیز،طلال چودھری،مریم اورنگزیب اور کچھ ارکان پارلیمنٹ بھی ان کے ہمراہ رہائش گاہ کے اندر موجود تھے جو احتساب عدالت میں کارروائی پر غیر رسمی مشاورت کر رہے تھے۔اسی دوران گورنر سندھ محمد زبیر بھی مریم نواز سے ملاقات کیلئے پہنچے ۔وہ ایک گیٹ پر گئے لیکن گیٹ کو نہیں کھولا گیا جس کے بعد وہ اندر داخل ہونے کے لیے دوسرے گیٹ کی طرف بڑھے تاہم وہ گیٹ بھی نہیں کھولا گیا۔اس صورتحال سے گورنر سندھ ناراض ہو کر واپس گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق مریم نواز کی ہدایت پر گورنر سندھ کو ٹیلی فون کر کے دوبارہ بلایا گیا اور وہ تقریباً پانچ منٹ کے وقفے کے بعد دوبارہ پہنچ گئے اور انہیں اندر لے جایا گیا جہاں انہوں نے مریم نواز سے ملاقات کی اور احتساب عدالت کی کارروائی پر بات چیت کی۔